کون تیز آپریشن کرے گا ؟؟
کون تیز آپریشن کرے گا ؟ زمانہ سکھلائی میں ہمیں ایک بات سے چڑ رہی اور انتہا کی رہی … جب کوئی ایک ڈاکٹر اٹھلاتی ہوئی کہتی … میں نے سکن ٹو سکن آپریشن تیس منٹ میں کیا … دوسری کہتی … اونہہ میں نے پچیس منٹ میں کیا … تیسری کہتی … میرا ریکارڈ بائیس منٹ کا ہے … پھر کوئی ایک ہماری طرف مڑتی … آپ کاکیا ریکارڈ ہے ؟ ہمارا کوئی ریکارڈ نہیں … ہم کندھے اچکاتے ۔ کیا مطلب ؟ مطلب یہ کہ ہمیں اس بات سے کوئی غرض نہیں کہ ایسا گھٹیا ریکارڈ بنائیں ، ہمیں کوئی دلچسپی نہیں کہ تم ہمیں سست سرجن سمجھو یا برق رفتار سرجن …ہمارا جواب ۔ ایسے نہ تو کہیں …اس میں کیا برائی ہے آخر ؟ کندھے اچکا کر سوال پوچھا جاتا ۔ کیوں نہ کہیں ؟ کیا یہ بوری سینے کا مقابلہ ہے کہ کتنی دیر میں کتنی بوریوں کو ڈنگے لگائے گئے … یا یہ انسانی جسم ہے … جس کی ہر پرت اور تہہ توجہ مانگتی ہے … کس میں خون کی شریان ابھی تک کھلی ہے ؟ کس میں ٹانکہ کیسے بھرنا ہے ؟ کس میں خون پونچھنے والا کپڑا نکال دیا گیا ہے ؟ کہیں دھاگے کی سوئی اندر تو نہیں رہ گئی … یہ گھوڑوں کی ریس نہیں کہ کون جیتے گا ؟ نہ ہی یہ کپڑے سینے کا م...